ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوکرین بحران: گولیوں کا نشانہ بننے والے ہندوستانی طالب علم نے مانگی مدد. ویڈیو میں کہا، مرنے کے بعد طیارہ بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں

یوکرین بحران: گولیوں کا نشانہ بننے والے ہندوستانی طالب علم نے مانگی مدد. ویڈیو میں کہا، مرنے کے بعد طیارہ بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں

Sat, 05 Mar 2022 00:14:36    S.O. News Service

نئی دہلی ،4مارچ ( آئی این ایس انڈیا ) روسی حملے کے بعد یوکرین کی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ کئی ہندوستانی شہری بھی یہاں پھنسے ہوئے تھے۔ انہیں وہاں سے نکالنے کا آپریشن جاری ہے اور کئی کو نکال بھی لیا گیا ہے۔ لیکن پھر بھی کچھ لوگ یہاں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں کسی سے مدد نہیں مل رہی ہے۔ایسا ہی ایک بھارتی شہری ہرجوت سنگھ ہے۔ ہرجوت کے ساتھ مسائل زیادہ ہیں کیونکہ انہیں گولی لگی ہے ، اور وہ بری طرح زخمی ہیں ، وہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی ہے۔ ہرجوت سنگھ نے کہاکہ میں بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، وہ روز کہتے ہیں کہ ہم کچھ کریں گے، لیکن ابھی تک کوئی مدد نہیں ملی۔ہرجوت سنگھ نے بتایا کہ وہ 27 فروری کو فائرنگ کا نشانہ بنے تھے،انہوں نے بتایا کہ ہم تین ایک ٹیکسی میں سوار تھے اور اپنی تیسری چوکی کی طرف جا رہے تھے۔ یہاں پہنچنے پر ہمیں سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے واپس جانے کو کہا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چوکی سے واپسی کے دوران ہم پر کئی گولیاں چلائی گئیں۔مجھے گولی لگی اور میں بے ہوش ہو گیا اور اس کے بعد دوسرے دن مجھے ہسپتال میں ہوش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بتایا کہ میں 3-4 گھنٹے سڑک پر پڑا رہا، میرا بہت خون بہا ہے۔ ہرجوت سنگھ نے کہاکہ مرنے کے بعد اگر آپ چارٹرڈ طیارہ بھی بھیج دیں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ خدا نے مجھے دوسرا موقع دیا ہے اور میں اسے جینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سفارت خانے سے درخواست کی ہے کہ مجھے یہاں سے نکالا جائے، مجھے وہیل چیئر جیسی سہولیات فراہم کی جائیں، دستاویزات کے کام میں میری مدد کی جائے۔


Share: